وزیراعلی نے بس ریپڈ بس ٹرانزٹ کیلئے بائبرڈ وہیکل ٹیکنالوجی کی منظوری دیدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے بس ریپڈ ٹرانزٹ پشاور کے لیے (hybrid vehicle technology)ہائی برڈ وہیکل ٹیکنالوجی کی منظوری دیتے ہوئے عید الاضحی کے فورا بعد مشتہر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ہائی برڈ وہیکل ٹیکنالوجی بس ریپڈ ٹرانزٹ میں سفر کرنے والے خواتین اور بچوں کے مسائل پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ایک ماحول دوست ٹیکنالوجی ہو گی۔وہ وزیر اعلی سیکرٹریٹ پشاور میں بس ریپڈ ٹرانزٹ پشاور کے حوالے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ شاہ محمدوزیر،اراکین صوبائی اسمبلی شوکت علی یوسفزئی،معراج ہمایوں،انتظامی سیکرٹریوں،ایشیئن ڈیولپمنٹ بنک کے نمائندوں ، پراجیکٹ ماہرین اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں بس ریپڈ ٹرانزٹ کے تین پیکجز سمیت حیات آباد، ڈبگری اور مین بس ٹرمینل چمکنی میں پارکنگ اور کمرشل سرگرمیوں پر مشتمل چوتھے پیکج پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کا پہلا اور تیسرا پیکج ٹینڈرنگ کے لئے تیار ہے۔ وزیر اعلیٰ نے عید الضحیٰ کے بعد میڈیا میں ٹینڈر کو مشتہر کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ایشیائی ترقیاتی بنک کے نمائندوں نے اجلاس کو بریفنگ دی جس میں حکومت کے تعاون، ٹریفک مینجمنٹ، یوٹلیٹیز کی ری لوکیشن اور اس منصوبے کو قابل عمل بنانے کے لئے وزیر اعلیٰ کی پر عزم اور مضبوط قیادت کو سراہا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے منصوبے کے تحت خریداری سمیت تمام مطلوبہ ضروریات کو پورا کرتے ہوئے منصوبے کا جلد اجراء کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو پارکنگ اور کمرشل سرگرمیوں کے لئے پیکج کی تیاری پر فوری طور پر کام شروع کرنے کی ہدایت کی تاکہ منصوبے کے مکمل ہوتے ہی کمرشل اور پارکنگ سرگرمیوں سے آمدنی کا سلسلہ شروع ہو جائے۔ پرویز خٹک نے اراضی کے حصول ، یوٹیلٹی ری لوکیشن، متاثرین کے لئے معاوضے اور منصوبے کے تحت بحالی کے مجموعی پلان کے لئے مطلوبہ وسائل پر مشتمل سمری بھیجنے کی ہدایت کی۔ جس کی با ضابطہ منظوری کے بعد محکمہ خزانہ فنڈز جاری کرے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ ایک تھرڈ جنریشن منفرد منصوبہ ہو گاجو پشاور میں ٹریفک کے تمام مسائل کا کل وقتی حل ہو گا۔صوبائی حکومت کو اس منصوبے کے لئے ملک میں اس طرح کے دیگر منصوبوں کی طرح سبسڈی نہیں دینا پڑی گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس منصوبے کی اپنی آمدن سے اسکے قرضے واپس کر دیئے جائیں گے۔وزیر اعلیٰ نے بس ریپڈ ٹرانزٹ کی لائنوں کے درمیان مرکزی حصے کی خوبصورتی اور مکمل تحفظ کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی کہ ٹرانس پشاور کمپنی کی تشکیل کا عمل شروع کرے اور کمپنی کے نئے بھرتی ہونے والے چیف ایگزیکٹیو افسر کے دفتر اور دیگر دوسری ضروریات کا انتظام کرے۔یہ تمام کام ایک ہفتے کے اندر مکمل ہو جانا چاہئے۔ انہوں نے منصوبے پر عملی کام شروع کرنے کے لئے ایشیائی ترقیاتی بنک کے ساتھ لون ایگریمنٹ کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔پرویز خٹک نے قانون کے تحت بڈرز کے انتخاب کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ معاہدے کی واپسی یا خلاف ورزی قابل مواخذہ ہو گی۔وزیر اعلیٰ نے منصوبے کے نفاذ کے لئے تیز رفتار حکمت عملی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت مزید وقت ضائع کرنے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔جب منصوبے پر عمل درآمد شروع کرنے کے سلسلے میں تمام ضروریات مکمل ہیں تو تاخیر کی گنجائش نہیں بنتی۔ انہوں نے ٹریفک کے متبادل انتظام ،یوٹیلٹیز کی متبادل تنصیب اور منصوبے کے با ضابطہ اجراء کے لئے صوبائی حکومت کے مجموعی اقدامات پر بھی
روشنی ڈالی۔

Leave a comment